کلیان کی مشہور علمی، ادبی اور سماجی شخصیت اورشہر کے مختلف اخبارات میں اپنے مراسلات کے ذریعے قلمی اور صحافتی دُنیا میں اپنا منفرد مقام بنانے والے صادق الزماں چاندوڑی کی سالگرہ لن ترانی میڈیا کی جانب سے اُن کے اہل خانہ کے ساتھ اُن کے گھر پر ایک انوکھے انداز میں منائی گئی اور اُن کی خدمات کے اعتراف میں ایک شاندا ر استقبالیہ کی صورت میں اُنہیں شال اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پرصحافی برادری کے علاوہ شہر کلیان کی کچھ معروف شخصیات نے بھی شرکت کی اور چاندوڑی صاحب کی شخصیات کے کچھ اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر مشہورصحافی قطب الدین شاہد، آر آر خان، لن ترانی میڈیا کی منیجر روہیا رحیم خان، ناصر یوسف، لن ترانی میڈیا کی نیوز اینکر رپورٹر فرح جبین اور اکبر پیر بھائی کالج کے سابق پرنسپل پروفیسر مرزا نوید وغیرہ شریک رہے۔اس موقع پر لن ترانی میڈیاکے ذمہ داران کی جانب سے ممبئی شہر کے علاوہ تھانے، ممبرا ، کلیان اور بھیونڈی میں بھی چینل کو دوبارہ ’لانچ‘ کرنے کا اعلان کیا گیا جس کی ایک شاندار استقبالیہ پارٹی بہت جلد ممبرا شہر میں منعقد کی جائےگی۔ واضح رہے کہ پچھلے اٹھارہ سالوں سے لن ترانی میڈیا ہاؤس الیکٹرانک اور سوشیل میڈیا کا ایک معتبرنام ہے جو اُردو زبان و ادب کی خدمت کیلئے شروع کیا گیاتھا ۔ دھیرے دھیرے اِس ٹیم نے شہر اور ملک کے حالات پر بھی خبریں اور فیچرز بنانے لگے جو اِ ن دنوں سوشیل میڈیا پر چھایا ہوا ہے ۔لاک ڈاؤن میں بھی زوم پر لن ترانی میڈیا کی جانب سے نعتیہ مشاعرہ اور ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا تھا۔ لن ترانی میڈیا کے ذمہ داران نےممبرا اور اطراف کے شہروں میں خبروں اور فیچرز کیلئے اپنی ایک منجھی ہوئی ٹیم بھی تیار کرلی ہے جو بہت جلد صحافت کے میدان میں نظر آئے گی ۔